26 نومبر 2020 - 16:35
مولانا ڈاکٹر کلب صادق کے انتقال پر اہل بیت(ع) عالمی اسبملی کے سیکرٹری جنرل کا تعزیتی پیغام

آیت اللہ رمضانی نے ڈاکٹر کلب صادق کے انتقال پر تمام شیعیان ہند کو تسلیت و تعزیت پیش کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کی معروف شخصیت ڈاکٹر کلب صادق نقوی کے انتقال پرملال پر آیت اللہ رمضانی نے تعزیتی پیغام جاری کر کے تمام شیعیان ہند کو تسلیت پیش کی ہے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل کے پیغام کا ترجمہ حسب ذیل ہے:


بسم اللہ الرحمن الرحیم
انا للہ و انا الیہ راجعون
عظیم مفکر، مجاہد خطیب، شیعیان ہند کے ممتاز رہنما، توحید المسلمین ٹرسٹ کے بانی، لکھنو کے امام جمعہ، آل انڈیا مسلم پرنسل لاء بورڈ کے نائب سربراہ اور اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے رکن ڈاکٹر سید کلب صادق نقوی کا انتقال انتہائی دکھ اور افسوس کا سبب بنا۔
وہ باصلاحیت اور زحمت کش دانشور جو ایران کے اسلامی انقلاب، امام خمینی (رہ) کے مشن اور رہبر انقلاب اسلامی (حفظہ اللہ) سے بے حد عقیدت رکھتے تھے، انہوں نے سالہا سال تعلیم و تربیت کے میدان میں فراواں خدمات انجام دیں، اور ہمیشہ شیعوں اور مسلمانوں کے حقوق کی خاطر برسرپیکار رہے، انہوں نے توحید المسلمین ٹرسٹ کی بنیاد رکھ کر میڈیکل فیلڈ اور فلاحی امور میں قابل قدر خلوص بھری خدمات پیش کیں۔
میں اس عظیم اور دردناک نقصان پر تمام علماء اور محبان اہل بیت علیہم السلام، مرحوم کے گھرانے خصوصا ان کے فرزند جناب ڈاکٹر سید کلب سبطین نقوی کو تسلیت و تعزیت پیش کرتا ہوں اور مرحوم مغفور کے لیے بلندی درجات اور ان کے عقیدت مندوں اور شاگردوں کے لیے صبر و اجر کی دعا کرتا ہوں۔
رضا رمضانی
سیکرٹری جنرل اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی

............

242